بھارتی فوج اور حکومت کے ایک اور جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیا، بھارت نے 27 فروری کو پاک فضائیہ سے جھڑپ کے دوران گھبراہٹ میں اسرائیلی ساختہ میزائل داغ کراپنا ہیلی کاپٹر خود ہی مارگرایا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکومت کے ایک اور جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیا ہے۔ پاکستان سے جنگ کے خوف کے باعث بھارتی فوج گھبراہٹ میں دوست اور دشمن کی پہچان ہی کھو بیٹھی ہے۔
پاک فضائیہ سے جھڑپ کے دوران غلطی سے میزائل داغ کر اپنا ہیلی کاپٹر خود ہی مارگرایا تھا جس میں 6 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ پہلے بھارتی ایئر فورس نے اس ہیلی کاپٹر کو تکنیکی حادثہ قرار دیا تھا مگر اب جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیا ہے۔
اب بھارتی حکام کی تحقیقاتی رپورٹ میں پتہ چلا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کے گرنے سے تھوڑی دیر قبل بھارتی فضائی دفاعی نظام سے میزائل داغا گیا تھا اوروہی میزائل ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر کی تباہی کی وجہ بنا۔
میزائل فائرکرنے سے قبل شناخت کے نظام سے معلوم کیا جاتا ہے کہ یہ دشمن کا جہاز ہے یا اپنا کوئی طیارہ ہے۔ اب یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ میزائل داغنے سے قبل آئی ایف ایف نظام فعال تھا یا نہیں اور کس جگہ غلطی سرزد ہوئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر اس واقعے میں ثابت ہوگیا کہ اپنے ہی میزائل سے ہیلی کاپٹر تباہ ہوا تو ذمہ دار افسران کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کی جائے گی۔