ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئے ۔
ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن گھوٹکی سے کراچی آر ہے تھے کہ کراچی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی ۔
ایم کیو ایم رہنما سمیت گاڑی میں سوار3 گن مین بھی زخمی ہو گئے،ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن اور زخمیوں کو طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
خواجہ اظہار کی گاڑی سے پیچھے موجود اُن کے محافظ کی گاڑی بھی ٹکرائی جس سے زیادہ نقصان ہوا۔
خواجہ اظہار کے قافلے میں شریک ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سنجے پروانی نے حادثے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ میری گاڑی سب سے پیچھے تھی۔
سنجے پروانی کا کہنا ہے کہ روڈ پر گڑھا تھا لیکن علامت کوئی نہیں تھی جب کہ تعمیراتی کام کے باعث پڑی مٹی ڈرائیور کو نظر نہیں آئی اور گاڑی ٹکرا گئی، حادثے کے مقام پر متبادل راستہ تھا لیکن اس کی کوئی نشاندہی نہیں کی گئی تھی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رکن عامر خان نے بتایا کہ خواجہ اظہار کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئی ہیں جب کہ تین محافظ بھی زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے،زخمیوں کو اسٹیڈیم روڈ پرنجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے اہم رہنما فیصل سبزواری کے مطابق خواجہ اظہار کا سٹی اسکین مکمل ہوگیا ہے سر میں شدید چوٹ ہے لیکن خطرے والی کوئی بات نہیں۔