یکم اپریل کو’ اپریل فول‘ منانے کی روایت پرانی ہے لیکن اس بار سماجی رابطے کی ویب سائٹس یہ دن بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی بے پرکی بھڑکوں، بلند بانگ دعوؤں اور کبھی نہ پورے ہونے والے وعدووں کے نام رہا.
ایک بھارتی ویٹ سائٹ کا کہنا ہے کہ اس بار عام انتخا بات میں 75 فیصد عوام مودی کے خلاف ووٹ دیں گے۔
بھارت میں عام انتخابات کا آغاز رواں ماہ کی 11 تاریخ سے ہو رہا ہے، انتخابات سے قبل انتخابی مہم عروج پر ہے.
بھارتی ویب سائٹ ریڈیف کے سروے کے مطابق 75 فیصد عوام حکمراں جماعت بی جے پی کے خلاف ووٹ ڈالیں گے اس لیے مودی سرکار کے لیے یہ الیکشن جیتنا آسان نہ ہوگا۔
ووٹنگ سے محض 2 روز قبل کانگرس کے صدر راہول گاندھی اور وزیر اعظم مودی کے درمیان دو بدو مباحثہ ہوگا۔
ادھر اپوزیشن جماعتیں اور بھارتی عوام نے سوشل میڈیا پر مودی سرکار کے لیے اپریل فول کے موقع پر مضحکہ خیز ٹوئٹس کرکے صارفین کو زعفران زار کردیا۔
جہاں بھارتی شہری مودی جی کے وعدوں کا ذکر کر کے ایک دوسرے کو بیوقوف بننے پر مبارکباد دیتے رہے۔
کچھ کا کہنا تھا کہ مودی جی تو کہتے تھے کہ کرپشن ختم ہو جائے گی، بے روزگاروں کے لیے 2 کروڑ نئی نوکریاں ہوں گی اگر آپ سب نے مودی جی کی باتوں پر یقین کر لیا تو اپریل فول بننے پر مبارک ہو۔
دوسری جانب جہاں کانگریس پارٹی باقاعدہ طور پر سوشل میڈیا کو ہتھیار بنا کر مودی حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے وہیں جلسے جلوس میں بھی ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کا مقابلہ جاری ہے اور اب تو سب کو وزیراعظم مودی اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے درمیان 9 اپریل کو ہونے والے دو بدو مباحثے کا شدت سے انتظار ہے۔