سندھ ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ مقدمہ منتقل ہوا تو ملزموں کو تکلیف او رپریشانی ہو گی،سپریم کورٹ نے مقدمہ منتقل کرنے کاحکم نہیں دیا۔
عدالت نے کہا کہ چیئرمین نیب کے مطابق مقدمہ منتقلی کا حکم سپریم کورٹ نے دیا،ہم سپریم کورٹ کے احکامات کی تشریح کیسے کر سکتے ہیں ۔
یاد رہے بینکنگ کورٹ نے چیئرمین نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دی تھی۔ جس کے بعد آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
درخواستوں میں موقف اختیار کیا بینکنگ کورٹ کو مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اختیار نہیں ہے، فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید اور دیگر نے جعلی اکاؤنٹس اور دیگر مقدمات کی نیب راولپنڈی منتقلی کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔