افریقی ملک موزمبیق میں خاتون نے آم کے درخت پر بچے کو جنم دیدیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقے میں زچہ و بچہ 2 دن تک درخت پر رہے۔
مصری اخبار نے امریکی نیوز ایجنسی فاکس کے حوالے سے بتایا کہ موزمبیق میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے علاقے کے بیشتر مکان تباہ ہو گئے جبکہ سیلابی ریلے نے ہرطرف تباہی مچادی۔ ایمیلا نامی خاتون نے اپنے 2 سالہ بیٹے کے ساتھ آم کے درخت پر پناہ لی۔
خاتون حمل سے تھی اور اسکے دن پورے ہوچکے تھے اسے نہیں معلوم تھا کہ ڈلیوری کا وقت قریب آ چکا ہے, ایمیلا اپنے بیٹے کے ساتھ آم کے درخت پر بیٹھی تھی کہ اچانک اسے تکلیف کا احساس ہوا۔اس کے ساتھ اس کا 2سالہ بیٹا تھا جبکہ قریب کوئی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ سارا علاقہ پانی میں ڈوب چکا تھا۔ ایمیلا نے درخت پر ہی بچی کو جنم دیا۔
ایمیلا تن تنہا اپنے دونوں بچوں کے ساتھ درخت پر 2 دن تک رہی جبکہ نیچے ہر سمت سیلابی پانی تھا ایسے میں ان تینوں کا بچ جانا جن میں زچہ و بچہ بھی ہو واقعی کسی کرشمہ سے کم نہیں۔
2دنوں کے بعد جب سیلابی پانی کم ہوا اور قریبی بستی کے افراد وہاں پہنچے تو ایمیلا نے انہیں اپنی جانب متوجہ کیا جنہوں نے اسے اور اس کے نومولود کو اُتارا اور طبی امداد فراہم کی, ایمیلا نے اپنی بیٹی کا نام سارہ رکھا۔