وزیراعظم آفس میں آتشزدگی واقعہ کے بعد وفاقی کابینہ کے کل ہونے والے اجلاس کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس کے بجائے وزیراعظم ہاؤس میں معمول کے مطابق کل صبع ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس کے چھٹے فلور پر ہونا تھا لیکن آفس میں آتشزدگی کے باعث مقام تبدیل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں آگ لگنے کے بعد حکام نے عمارت میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کو طلب کر کے دفتر میں موجود عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا۔
مشیر وزیراعظم ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے وقت وزیراعظم پانچویں منزل پر موجود تھے، انھیں میٹنگ کے دوران آتشزدگی سے آگاہ کیا گیا جس پر انھوں نے آگ کی نوعیت جاننے کی ہدایت کی۔ دھواں پھیلنے پر وزیراعظم دفتر سے روانہ ہو گئے۔ ندیم افضل چن کے مطابق وزیراعظم کی آج ہونے والی میٹنگز معمول کے مطابق جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم سیکرٹریٹ کی چھٹی منزل پر لگی آگ بجھا دی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی۔