محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ سے بدھ کے دوران ملک بھر میں تیز ہواؤں اورآندھی کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اورنئی بارشوں کی ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے، جب کہ بارشوں کی وجہ سے مکران، کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں مقامی ندی نالوں ییں طغیانی اور مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز بارشوں کا مغربی سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا، اور ہفتے سے ہی ملک بھر میں تیز ہواؤں اورآندھی کے ساتھ بارشیں شروع ہوجائیں گی، اتوار کی شام سے بارشوں کے سلسلے میں تیزی آجائے گی جب کہ پیر سے بارشوں کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اورمنگل کے درمیان کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جب کہ پیر اور منگل کے درمیان سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد اور حیدرآباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور اتواراور پیرکے درمیان بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ اور اس دوران بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔