ایک ماہ قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی النور مسجد میں ایک دہشت گرد نے فائرنگ کرکے 42مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا۔ اب اس مسجد میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آ گیا ہے۔
سی این این کے مطابق کرائسٹ چرچ میں ایک اور شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے گزشتہ روز النور مسجد کے سامنے کھڑے ہو کر نمازیوں کو گالیاں دیں اور نسلی منافرت پر مبنی جملے کسے۔
رپورٹ کے مطابق اس33سالہ ملزم کا نام ڈینیئل نکولس ٹواپوا ہے جس نے واقعے کے وقت سیاہ رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر انگریزی میں ’ٹرمپ‘ (امریکی صدر کا نام) لکھا ہوا تھا۔ ملزم کو پولیس نے کرائسٹ چرچ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے 3ماہ قید اور ساڑھے 1300ڈالر(تقریباً1لاکھ 91ہزار روپے) جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے اور اب وہ جولائی میں عدالت میں دوبارہ پیش ہو گا اور اس پیشی پر اسے سزا سنائی جائے گی۔