ارشد حسن 194 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔فائل فوٹو
ارشد حسن 194 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔فائل فوٹو

ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد حسن ڈپٹی مئیر کراچی منتخب

کراچی میں ہونے والے ڈپٹی مئیر کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد حسن 194 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والے ڈپٹی مئیر کے ضمنی انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے امیدوار ارشد حسن 194 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کرم اللہ وقاصی 78 ووٹ حاصل کر سکے۔ ووٹنگ کے دوران سات ووٹ مسترد ہوئے۔

ڈپٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل کے لئے ریٹرننگ آفیسر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سید صلاح الدین کی نگرانی میں کونسل ہال بلدیہ عظمیٰ کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا جہاں بغیر کسی وقفے کے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ کا عمل رہا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں انتخاب کے موقع پر تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا تاہم میئر، ڈپٹی میئر، میٹروپولیٹن کمشنر سیکریٹریٹ، کونسل سیکریٹریٹ اور میڈیا مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ حسب معمول کھلے رہے۔

خیال رہے کہ سابق ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو ایم کیو ایم سے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے باعث عہدے سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ ڈپٹی میئر کراچی کی نااہلی کیلیے ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔