بھارت میں ایک شہری نے غلطی سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ووٹ دپنے پر اپنی انگلی ہی کاٹ دی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پون کمار کا کہنا ہے کہ وہ مقامی سیاسی جماعت کو ووٹ دینے کے لیے گیا لیکن بہت سارے انتخابی نشانات دیکھ کر مشکل کا شکار ہوگیا۔
ایک بھارتی صحافی کا کہنا ہے پون کمار نے اترپردیش کے ضلع بلند میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا جہاں وہ ہاتھی کو ڈالنے کا خواہشمند تھا لیکن غطی سے پھول کے انتخابی نشان کو ووٹ ڈال دیا۔
بھارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا انتخابی نشان پھول ہے جبکہ مقامی سیاست میں اہمیت کی حامل بہوجن سماج پارٹی اور دیگردو جماعتوں کا انتخابی نشان ہاتھی ہے۔
غلطی سے بی جے پی کو ووٹ ڈالنے والے اس شخص کا تعلق دلت برداری سے ہے جو بہوجن سماج پارٹی کا بڑا ووٹ بینک ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی ووٹرز نے مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کیخلاف اپنی نفرت کا اظہار کھل کیا ہے، اس علاقے میں ہندو کے نچلی ذات دلت سے تعلق رکھنے والے ووٹرز آباد ہیں جو بی جے پی کی نفرت آمیز پالیسیوں اور اقلیتوں کے خلاف اقدامات سے سخت نالاں ہیں اور مودی کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہتے ہیں۔
بھارت میں عام انتخابات سات مرحلوں میں 19 مئی تک جاری رہیں گے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 23 مئی کو ہوگا۔ ان انتخابات میں 90 کروڑ لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔