5 مئی کو غروب آفتاب کے وقت پاکستان میں کسی بھی مقام پر رمضان کا ہلال نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔فائل فوٹو
5 مئی کو غروب آفتاب کے وقت پاکستان میں کسی بھی مقام پر رمضان کا ہلال نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔فائل فوٹو

پاکستان میں پہلا روزہ7مئی کو ہو گا

پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں رمضان المبارک کا چاند 5 مئی (29 شعبان) کو نظر نہ آنے کے قوی امکانات ہیں جبکہ سعودی عرب اور اس کے ہمسایہ ممالک میں 5 مئی کو ہی چاند کی رویت ہوگی تاہم پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک میں پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا۔

جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلانیٹری ایسٹرو فزکس کے سابق ڈائریکٹر اور معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق رمضان کے چاند کی پیدائش 5 مئی 2019 کو پاکستان کے وقت کے مطابق علی الصباح 3 بج کر45 منٹ پر ہوگی اور اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 15 گھنٹے اور18منٹ ہوگی تاہم غروب آفتاب کے وقت اس کی افق سے بلندی صرف 7 ڈگری ہوگی اور ان حالات میں ہلال کا نظرناممکن نہیں، اسی سبب 5 مئی کو غروب آفتاب کے وقت پاکستان میں کسی بھی مقام پر رمضان کا ہلال نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔

پاکستان میں رمضان کا چاند 30 شعبان 6 مئی کو نظر آ سکے گا اور پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا جبکہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ ایران میں بھی چاندکی رویت 6مئی کو ہی ہوگی اور ان ممالک میں بھی رمضان کا آغاز 7 مئی سے ہوگا۔

ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق 5 مئی کو رمضان کا ہلال ایشیا، افریقہ اور یورپ سے نظر آنے کا بھی کوئی امکان نہیں ہے، البتہ براعظم جنوبی امریکا کے شمالی علاقوں، وسطی امریکا اور متحدہ امریکا کے جنوبی علاقوں سے ہلال باآسانی دیکھا جا سکے گا۔