وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات ونشریات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متحدہ قومی موومنٹ کو محلہ قومی موومنٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلاحی ادارے کے مفت دسترخوان پر بھی ایم کیو ایم کے جلسے سے زیادہ لوگ ہوتے ہیں۔
ایم کیو ایم کی جانب سے کیے جانے والے جلسے کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کا اردو بولنے والا جیالا ہوں اور نفرت کی سیاست کو مسترد کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والوں کو صوبے کے عوام نے مسترد کر دیا ہے، سندھ کے بٹوارے کی سیاست سندھ کے عوام پسند نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آدھا سندھ جیسی باتیں ناقابل قبول ہیں، سندھ کی اپنی تاریخ اور تہذیب ہے، ایم کیو ایم کے رہنما سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے اپنا چورن اور منجن بیچ رہے ہیں۔
مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ناکام جلسے پر متحدہ کے رہنماؤں کی نیندیں اڑ جانی چاہئیں، جلسے میں حاضرین کی تعداد بہت کم رہی، 2018 کے انتخابات میں سندھ کے عوام نے ایم کیو ایم کو بری طرح مسترد کر دیا تھا، سندھ کی تقیسم اور بٹوارے کی سیاست سندھ کے عوام ہرگز پسند نہیں کرتے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کے جلسے سے زیادہ لوگ تو کراچی میں بقرہ عید پر گائے دیکھنے آجاتے ہیں۔
انہوں نے فلاپ شو پر ایم کیو ایم سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ تقسیم کرنے کی سیاست اور خواب دیکھنے والے خود تقسیم ہو چکے ہیں۔