امریکا ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندی کا فیصلہ واپس لے۔فائل فوٹو
امریکا ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندی کا فیصلہ واپس لے۔فائل فوٹو

قطرکا ایران پر امریکی پابندیوں کو تسلیم کرنے سے انکار

خلیجی ملک قطر نے امریکا کی جانب سے ایران سے تیل کی خریداری پر دی گئی مہلت ختم کرنے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی فیصلے سے عالمی معیشت پر مثبت نہیں بلکہ منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران سے تیل خریدنے پرپابندی کے فیصلے کا خود امریکا کو نقصان پہنچے گا۔ اس کے علاوہ ایرانی تیل پرانحصار کرنے والے ممالک براہ راست امریکی فیصلے سے متاثر ہوں گے۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندی کا فیصلہ واپس لے۔ محمد عبدالرحمان آل ثانی نے مزیدکہا کہ قطر امریکا کی طرف سے ایران پریک طرفہ پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتا۔ امریکی فیصلے سے خطے میں جاری بحرانوں کے حل میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا بحرانوں کو حل اور اختلافات دور کرنا چاہتا ہے تو اسے مذاکرات کی میز پرآنا ہوگا۔

ٹرمپ انتظامیہ ایران سے نیا معاہدہ چاہتی ہے جس میں جوہری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کرنے کی شرط بھی شامل ہوگی تاہم ایران اس کیلئے تیار نہیں۔

ایران پر دباؤ بڑھانے کیلیے امریکا نے گزشتہ برس نومبر میں ایرانی معیشت کو جلا بخشنے والے اہم شعبوں جن میں توانائی، جہاز سازی، جہازرانی اور بینکنگ سیکٹرز شامل ہیں، دوبارہ پابندیاں عائد کردی تھیں۔