کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث وادی میں دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے۔فائل فوٹو
کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث وادی میں دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے۔فائل فوٹو

قابض بھارتی فوج نے مزید3کشمیریوں کو شہید کردیا

مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں قابض بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران فائرنگ کرکے 3 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف علاقے میں احتجاج کیا گیا تو بھارتی فوجیوں نے مظاہرین پر پیلٹ گنوں سے فائرنگ کی جس میں 17 کشمیری زخمی ہوگئے۔

سرچ آپریشن کے دوران ضلع شوپیاں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل کردی گئی جب کہ داخلی و خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کرکے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

قبل ازیں ضلع شوپیاں میں ہی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا جس پر بھارتی فوج کو سرچ آپریشن کرنے کا بہانہ ہاتھ  آگیا اور بھارتی فوج نے اپنی روایتی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں بھارتی فوج نے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 13 کشمیریوں کو شہید اور 132 کو زخمی کیا جب کہ 182 شہریوں کو بلاجواز حراست میں لیا گیا اور 6 خواتین کی عصمت دری کی گئی، اسی طرح وادی بھر میں 20 مکانوں کو تباہ کیا گیا۔