مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ مہنگائی ایک مسئلہ ہے جس پر حکومت پریشان ہے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت کنٹرول کرنا حکومت کے ہاتھ میں نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات جلد طے ہو جائیں گے، جس کے بعد صورتحال بہتر ہوجائے گی، نئے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح ترجیح ہوگی۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت نے اخراجات کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، محاصل میں اضافے کیلیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں، درآمدات اور برآمدات میں توازن لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا دنیا میں کسی ملک نے تنہا ترقی نہیں کی، دستیاب وسائل سے بھرپور استفادے کیلئے کوشاں ہیں، آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق اقتصادی ترقی کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت محروم طبقات کو آگے لایا جائے گا، آنیوالا بجٹ میکرو اکنامک فریم ورک وضع کرے گا
انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں اخراجات اور آمدنی کے فرق کو کم کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا گزشتہ 13 سال میں کسی کمپنی کی نجکاری نہیں ہوئی جبکہ میرے دور میں 34 کمپنیوں کی نجکاری کی، حکومت پر عزم ہے کہ بین الاقوامی تجربات سے فائدہ اٹھائے۔