پاکستان مسلم لیگ ن کے تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر اور مریم نواز کو نائب صدر مقرر کر دیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق مرکزی اور صوبائی سطح پر موجود تنظیموں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ 16 نائب صدور مقرر کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق احسن اقبال کو پارٹی کا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا گیا، بلیغ الرحمان اور عطاءاللہ تارڑ کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسی طرح رانا ثناء اللہ کو پنجاب میں ن لیگ کا صدر بنانے اور مریم اورنگزیب کو پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اویس لغاری کو پنجاب میں پارٹی کا جنرل سیکریٹری مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ عابد شیرعلی، ایاز صادق اور برجیس طاہر،درشن لال، حمزہ شہباز اور خواجہ سعد رفیق کو نائب صدور مقرر کیا گیا ہے۔
مرکزی رہنماؤں کی ایک خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، مشاہد اللہ خان، اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر رہنما شامل ہوں گے۔
اسی طرح خرم دستگیر، جاوید لطیف، محمد زبیر، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید، نیلسن عظیم، راحیلہ درانی، رانا تنویر اور سردار مہتاب بھی پارٹی کے نائب صدر مقررکئے گئے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن صدر انٹرنیشنل افیئرز، نورالحسن تنویر جنرل سیکریٹری انٹرنیشنل افیئرز، بلیغ الرحمان اورعطا اللہ تارڑ ڈپٹی سیکریٹری جنرل، بلال اظہر کیانی، فرحان ظفر جھگڑا اور صورت تھیبو کو اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل مقررکیا گیا ہے۔
عباس آفریدی اور طلال چودھری جوائنٹ سیکریٹری، پرویز ملک سیکرٹری فنانس، طارق فاطمی سیکریٹری پالیسی اینڈ ریسرچ، عائشہ رضا فاروق، سیکریٹری ممبرشپ و ٹریننگ مقرر، مصدق ملک صدر پروفیشنل ونگ، مفتاح اسماعیل جنرل سیکریٹری سندھ اور حنیف عباسی کو پنجاب کے سینئر نائب صدر پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسی طرح خواجہ سلمان رفیق نائب صدر پنجاب مقرر، راجا قمرالاسلام نائب صدر پنجاب، عظمی بخاری سیکریٹری اطلاعات پنجاب، سلمان علی خان مسلم لیگ ن کراچی کے صدر، نصیر الدین محمود کو ن لیگ کراچی کا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔
اکنامک ایڈوائزری کونسل میں محمد شہبا زشریف ،شاہد خاقان عباسی ، محمد اسحاق ڈار ، احسن اقبال ،خواجہ محمد آصف ، قیصر شیخ احمد ، محمد زبیر، مفتاح اسماعیل ، عائشہ غوث پاشا، مشاہد حسین سید ،مصدق ملک ،علی پرویز ملک ، بلال اظہر کیانی شامل ہیں ۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے مرکزی صدر بننے کے باعث مسلم لیگ (ن) پنجاب کی صدارت کا عہدہ خالی تھا اور اس عہدے کے لیے حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کے نام زیر غور تھے تاہم پارٹی قائد نواز شریف نے فیصلہ رانا ثناء اللہ کے حق میں دیا۔
واضح رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو پارلیمانی رہنما مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔