امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا بہتر تعلقات کو خطرے میں نہ ڈالے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہنما شمالی کوریا کم جونگ ان بہتر تعلقات کی راہ کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔ وہ جانتے ہیں کہ میں ان کے ساتھ ہوں۔
https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1124670603179565056
امریکی صدر نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر کہا کہ میں نہیں چاہتا رہنما شمالی کوریا اپنا وعدہ توڑیں۔ ان کے ساتھ معاہدہ ہو کر رہے گا اور وہ اس میں مداخلت یا اسے ختم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کم جونگ اُن کو مکمل طور پر شمالی کوریا کی بڑی اقتصادی صلاحیت کا پورا احساس ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ہنوئی میں ہونے والی سربراہی ملاقات میں کم جونگ اُن کی پیشکش کو بُرا معاہدہ قرار دیتے ہوئے چلے گئے تھے۔
شمالی کوریا نے آج طویل فاصلے تک مار کرنے والے ملٹی پل راکٹ لانچرز کا تجربہ کیا۔ میزائلوں نے جاپان کے سمندر کی جانب 70 سے 200 کلومیٹر تک پرواز کی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میزائلوں کو ملک کے مشرقی حصے جزیرہ نما ہوڈو سے داغا گیا جبکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے تجربے کا خود مشاہدہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کم جونگ ان نے کہا تھا کہ وہ جوہری تجربات کو روک دیں گے اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ نہیں کیا جائے گا۔