سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کا آج آخری روز ہے جس کے بعد وہ کل کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوں گے۔
نواز شریف کل افطاری کے بعد قافلے کی صورت میں جیل جائیں گے، کوٹ لکھپت جیل جانے کیلیے روٹ بھی طے کرلیا گیا۔ جاتی امرا، اڈا پلاٹ، رنگ روڈ سے کوٹ لکھپت جیل پہنچیں گے، نواز شریف روانگی سے قبل والد، اہلیہ اور بھائی کی قبر پر حاضری دیں گے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے 6 ہفتوں کی ضمانت دی تھی جس کی مدت کل ختم ہورہی ہے۔
سپریم کورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کی مدت میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کرچکی ہے جس کے بعد نواز شریف کل دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں لیکن اس کے باوجود وہ کل جیل منتقل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ جیل تک جائیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کل افطار کے بعد جاتی امرا سے کوٹ لکھپت جیل تک جگہ جگہ کیمپ لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کارکن متحرک ہے اور کارکن اپنی محبت سے نکل رہا ہے، پارٹی ان کی کال پر لبیک کہہ رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کل افطار کے بعد نواز شریف جیل جانے کے لیے نکلیں گے، کل لاہور میں لیگی کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا۔
یاد رہے کہ 26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 6 ہفتوں کیلیے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی ضمانت میں توسیع اور بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔