بھارت کی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود سے بھارت میں داخل ہونے والے کارگو جہاز کو ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کی ایئربیس پراتارلیا۔
خیال رہے کہ 26 فروری کو بھارت کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد سے اب تک پاکستان نے انڈیا کی طرف سے اپنی فضائی حدود بند کی ہوئی ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کارگو جہاز کو جے پور ایئر بیس پر مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 55 منٹ پراتارا گیا جس کے بعد اس کے عملے کے ارکان سے تفتیش کی جارہی ہے۔
اے این 12 کارگو ایئر کرافٹ رن آف کچھ کی ایئراسپیس سے 70 کلومیٹرتک اندرآگیا تھا۔ یہ جہاز اس راستے سے آیا جو سویلین ایئر ٹریفک کیلیے بند ہے۔
انڈین ایئر فورس کے ترجمان کیپٹن انوپم بینرجی کا کہنا ہے کہ جارجیا کا اے این 12 ایئر کرافٹ کراچی سے دلی کیلئے آرہا تھا لیکن اچانک ہی اپنے راستے سے ہٹ کر شمالی گجرات کے راستے بھارت میں داخل ہوگیاجس پر انڈین ایئر فورس کے لڑاکا طیارے حرکت میں آگئے اور اسے گھیرکرجے پورایئربیس پر لینڈ کرالیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جارجین ایئر لائن کا طیارہ یوکرائن کی انجن بنانے والی کمپنی’موٹر سک‘نے لیز پر لے رکھا ہے۔ جب انڈین ایئر فورس کے طیاروں نے کارگو جہاز کو گھیرا تو پہلے اس نے کوئی جواب نہیں دیا لیکن پھر اچانک ہی جے پورایئر بیس پرلینڈ کرگیا۔