تیز ہواؤں کی وجہ سے شہر کا موسم مزید خوشگوارہونے کا امکان ہے۔فائل فوٹو
تیز ہواؤں کی وجہ سے شہر کا موسم مزید خوشگوارہونے کا امکان ہے۔فائل فوٹو

کراچی میں جمعرات اور جمعے کی شب ہلکی بارش کا امکان

مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے سبب جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے مغربی سلسلے کی وجہ سے کراچی میں 16اور17مئی کی درمیانی شب کہیں بونداباندی اورکہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات سردار سرفرازکے مطابق جمعرات اور جمعے کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کراچی کے شمال سے گزرے گا، جس کے سبب شہر میں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ اس دوران معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس کی رفتار 50کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے، ابر آلود موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے شہر کا موسم مذید خوشگوارہونے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق نیا مغربی بارشوں کا سلسلہ بلوچستان پر درمیانی اور تیز بارشوں کی شکل میں اثرانداز ہوگا، منگل کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5جبکہ زیادہ سے زیادہ 35ڈگری ریکارڈ ہوا،صبح کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 78 جب کہ شام کے وقت 64 فیصد ریکارڈ ہوا۔

سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواوں کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا مطلع معمولی گرم اورخشک رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33سے 35ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔