وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ان کا حل اولین ترجیح ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی وزیراعظم برائے میڈیا امور یوسف بیگ مرزا، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری ، سینیٹر فیصل جاوید اور وزیر اعظم کے سیکرٹری نے شرکت کی۔
معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو میڈیا صنعت کے مسائل سے آگاہ کیا جب کہ اجلاس میں پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے واجبات کے معاملات بھی تفصیلی طور پرزیر بحث آئے۔
وزیراعظم نے ہداییت کی کہ واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے وزارت اطلاعات پی بی اے اور اے پی این ایس کے نمائندگان کے ساتھ فوری مشاورت کرے اورعید سے پہلے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں جب کہ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات اس عمل کی ذاتی طور پر خود نگرانی کریں ۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے آئینی اور بنیادی حق پر کامل یقین رکھتے ہیں ،آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ناگریز ہے، مجھے میڈیا صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ، ان کا حل اولین ترجیح ہے۔