افغان پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔فائل فوٹو
افغان پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔فائل فوٹو

نیٹو نے فضائی حملے میں17 افغان پولیس اہلکار مار دیے

افغانستان میں نیٹو کے فضائی حملے کی زد میں غلطی سے افغان پولیس اہلکار آگئے جس کے نتیجے میں 17 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند میں طالبان جنگجوؤں اورافغان پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ جاری تھی کہ اتحادی افواج نے فضائی حملے میں طالبان کو نشانہ بنانا چاہا لیکن غلطی سے پولیس اہلکار زد میں آگئے۔

صوبے کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فضائی حملہ قندھار ہائی وے کے علاقے نہر سراج میں نیٹو ریزولیٹ سپورٹ مشن فورس نے کیا، نیٹو سے مقامی انتظامیہ نے جاری طالبان جھڑپ میں تعاون مانگا تھا، نیٹو کا ہدف طالبان جنگجو تھے لیکن نشانے پر غلطی سے افغان پولیس اہلکار آگئے۔

دوسری جانب ہلمند کے گورنر محمد یاسین نے نیٹو فضائی حملے میں افغان پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاہم کمیٹی کے دائرہ کار اور اختیارات کے حوالے سے کسی قسم کی وضاحت نہیں کی گئی۔ امریکی فوج نے اس حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا۔