قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست پرکہا ہے کہ آج ہمارا برا دن تھا، اگلے میچز میں کم بیک کریں گے۔
ناٹنگھم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 14 ویں اوور میں حاصل کر کے گرین شرٹس کو7 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع کے 10 اوورز میں وکٹیں گنوائیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں پر پریشر بڑھا۔
سرفرازاحمد نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہی ٹیم اچھا کرے گی،اس میچ کو بھول کراگلے میچزمیں کم بیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارا بُرا دن تھا، ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن ابھی ہمارے 8 میچز باقی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ ویسٹ انڈیز ہمیں کیسی بولنگ کرے گی لیکن ہم نے غلط شاٹس کھیلے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ آندرے رسل کے اسپیل نے میچ تبدیل کیا لیکن آئندہ میچوں میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔