سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 شہری زخمی ہوگئے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے جنوب مشرقی حصے میں واقع ابھا ایئرپورٹ پر میزائل داغے ہیں جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 26 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سعودی، یمنی اور بھارتی شہری شامل ہیں۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اپنے ایک بیان میں سعودی ایئرپورٹ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرحدوں، ملکی اثاثوں اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات اٹھالیے ہیں۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
حوثی باغیوں کے ترجمان نے اپنی ویب سائٹ پر سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لکھا کہ اہم ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں سعودی عرب کو بڑے پیمانے پر نقصان کا سامنا ہوا۔
اس سے قبل حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ایک آئل پمپنگ اسٹیشن پر حملہ کرکے دو پمپوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا جس کے بعد اس پمپنگ اسٹیشن کو تیل کی سپلائی کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ بھی حوثی باغیوں نے دو مختلف کارروائیوں میں سعودی عرب کے ایک ایئرپورٹ کے اسلحہ ڈپو پر اور صوبہ مکہ کی جانب میزائل حملے کا دعویٰ کیا تھا تاہم سعودی حکومت نے ان دونوں حملوں کو ناکام بنا دیا تھا۔
واضح رہے کہ یمن میں سعودی اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں 7 ہزار شہری ہلاک اور11 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔