وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام نشریاتی پیغام میں کہا ہے کہ ٹیکس چوری ختم کرنے کے لیے حکومت کو عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، اثاثے ڈکلیئر کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، گزشتہ 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے لیکن اب ہمیں ٹیکس چوری بھی روکنی ہے۔ ٹیکس کی چوری ختم کرنے کیلیے مجھے عوام کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ اثاثے ڈکلیئر کرنے کیلیے ہم ایک اہم اسکیم لائے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے پاکستانیوں میں بار بار کہ چکا ہوں کہ اگر حکومت اور عوام ملیں گے نہیں تو ہم قرضوں کی دلدل سے نکل نہیں سکتے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سارے پاکستانی 30جون تک اثاثے ڈکلیئر کریں ،لوگوں نے جو بھی پیسہ ،ڈالر ،سونا رکھا ہوا ہے ،اسے ڈکلیئر کریں ،یہ سنہری موقع ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستانیوں کی مدد سے ہسپتال بنا یا ،سیلاب اور زلزلے میں بھی پاکستانیوں نے دل کھول کر عطیات دیے اور ہم اس مشکل سے نکلے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے پاس تمام پاکستانیوں کا ڈیٹا موجودہے ،میں نہیں چاہتا کہ پاکستانیوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے۔