گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں۔فائل فوٹو
گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں۔فائل فوٹو

افغانستان میں قیام امن کے لیےکانفرنس کل مری میں ہو گی

افغانستان میں قیام امن کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی افغان امن کانفرنس کل بھوربن مری میں منعقد ہوگی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے، 18 سیاسی جماعتوں و گروپس کے 57 مندوبین شریک ہوں گے گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں، افغان امن جرگہ کے سربراہ کریم خلیلی اور ازبک رہنما رشید دوستم بھی امن کانفرنس میں حصہ لینے کے لیے آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے متعدد سینیٹرز اور ارکان اسمبلی بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے، لاہور پراسیس سے عوامی رابطوں اور مستقبل کیلئے تجاویز کا تبادلہ موقع ملے گا، لاہور پراسیس میں افغان سیکیورٹی کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا، پراسیس سے مستقبل کی حکومتوں کے درمیان اعتماد سازی کی فضاء قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

ذرائع  کے مطابق افغان امن کانفرنس تجارت، روابط، صحت اور دیگر شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی، کانفرنس میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔ لاہور پراسیس میں مستقبل میں طالبان کی شمولیت کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ذرائع کے مطابق اس کانفرنس کی اہمیت اس لیے بھی اہم ہے کہ افغان صدر کے دورہ پاکستان سے قبل ہو رہی ہے، صدر پاکستان عارف علوی افغان امن کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، کانفرنس کے شرکاء وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، کانفرنس میں بڑی تعداد میں سابق سفراء، محققین اور تھنک ٹینکس شرکت کریں گے۔