جناح ایکسپریس کی مال گاڑی کو ٹکر سے متاثر ہونے والے ‘اپ ٹریک’ کو 15 گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا تاہم ٹرین شیڈول بری طرح متاثر ہے۔
گزشتہ روز حیدرآباد اسٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس کی مال گاڑی کو ٹکر کے نتیجے میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور، معاون اور فائر مین جاں بحق ہوگئے تھے۔
ریلوے حکام کے مطابق جناح ایکسپریس کا انجن اور مال گاڑی کی متاثرہ بوگیاں ٹریک سے کرین کے ذریعے ہٹا دی گئیں، ٹرینوں کے تصادم کے 4 گھنٹوں بعد ڈاؤن اور 13 گھنٹوں بعد اپ ٹریک بحال کیا گیا۔
حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول بری طرح متاثر ہے جب کہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آج کراچی سے اندرون ملک روانہ ہونے والی گاڑیاں تاخیر سے جائیں گی اور ممکنہ طور پر دو سے تین گھنٹوں تک گاڑیوں کو تاخیر ہوسکتی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس 8 گھنٹے 45 منٹ تاخیر جب کہ عوامی ایکسپریس 14 گھنٹے 50 منٹ کی تاخیر سے کراچی پہنچی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس نے رات 9 بجکر 55 منٹ پر کینٹ اسٹیشن پر پہنچنا تھا تاہم وہ تاحال نہ پہنچ سکی۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور اور کراچی پہنچنے والی ٹرینیں 2 سے 11 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، کراچی سے لاہور آنے والی گرین لائن 7 گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی جب کہ تیز گام 11 گھنٹے، کراچی ایکسپریس 8 گھنٹے، جناح ایکسپریس 5 گھنٹے اور بزنس ایکسپریس 7 گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچے گی۔
راولپنڈی اور لاہور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس 5 گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 6 گھنٹے، گرین لائن ایکسپریس ایک گھنٹے، کراچی ایکسپریس ساڑھے 5 گھنٹے، تیز گام 3 گھنٹے، علامہ اقبال ایکسپریس، جناح ایکسپریس 2 گھنٹے، بزنس ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس 2 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی پہنچیں گی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق حادثے کے باعث لاہور اور فیصل آباد سے کراچی کے لیے ٹرینیں تاخیر سے روانہ ہوں گی، پاک بزنس ایکسپریس لاہور سے کراچی کیلیے شام 7 بجکر 45 منٹ، کراچی ایکسپریس رات 9 بجکر 30 منٹ، گرین لائن رات 11 بجکر 20 منٹ پر روانہ ہوگی۔