سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی حکومت میں صرف وردی کا فرق ہے۔
وہ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ایک اور صحافی نے ان سے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ن لیگ سے چوٹ کھائی، اب کیا ضمانت ہے کہ وہ درست انداز میں چلیں گے۔
اس کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ہم دونوں نے چوٹ کھائی ہے اور اسی طرح انسان سیکھتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب والے اپنی استعداد کے مطابق مجھ سے سوال کرتے ہیں، نیب کا میرے ساتھ رویہ عزت والا ہے، میں بھی نیب حکام کی عزت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں یکجا ہیں، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان بلاول ، مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ(ن) کرے گی۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جو آسانی سے حکومت میں آتا ہے اسے جمہوریت کی قدر نہیں ہوتی ، عمران خان سیاسی قوت سے نہیں آئے اس لئے انہیں اور جمہوری جدوجہد اورجمہوریت کی قدرنہیں اور نہ ہی عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویزمشرف اورعمران خان کی حکومت میں فرق صرف وردی کا ہے، مشرف نے وردی پہنی تھی لیکن عمران خان نے وردی نہیں پہن رکھی،عمران خان کو پاور دی گئی ہے نہ اس کے پاس کوئی پاور ہے،اسے تو لایا گیا ہے ، جس طرح مہنگائی بڑھ رہی ہے لوگوں کے کچن بند اور گھر اجڑ رہے ہیں چولہے بند ہورہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ اب حکمرانوں کو جانا پڑے گا۔
ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ(ن)لیگ نے ہمارے خلاف ہمیشہ جارحانہ رویہ اپنایا لیکن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے چوٹ کھائی ہے، انسان چوٹ کھا کر سیکھتا ہے، اب حالات ٹھیک ہوں گے، ہم اب(ن) لیگ کے ساتھ بیٹھ گئے ہیں، عمران خان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی کی تجویز دی ہے، حکومت اس پر نہیں آرہی ، میرے خلاف جو ہیڈ لائن بناتے اور لگواتے ہیں میثاق معیشت کے حوالے ہماری تجویز کا مذاق اڑارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کا فیصلہ بلاول بھٹو کریں گے ، بلاول بھٹو اس معاملے میں کمان کریں گے بلاول کی اپنی آزاد سوچ ہے،جیسے وہ کہیں گے ویسا ہی ہوگا ،پارٹی بلاول کے فیصلے تسلیم کرنے کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔