نیب نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا۔
نیب ریفرنس کے مطابق کراچی کے ساحلی علاقے کلفٹن بلاک 3 میں 4 ہزار سے زائد اسکوائر یارڈ پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا، مذکورہ رفاہی اراضی ہاکرز کو اسٹالز لگانے کے لیے دی گئی اور 198 ہاکرز کو ایک منزلہ اسٹال بنانے کی اجازت دی گئی تھی۔
نیب ریفرنس کے مطابق2005 اور 2006 میں یہ اراضی ہاکرز کو فراہم کی جانا تھی تاہم مذکورہ اراضی نجی تعمیراتی کمپنی کو لیز پر دے دی گئی۔
سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر نیب نے سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان فضل الرحمن، ممتاز حیدر، نذیر زرداری، محمد داؤد، محمد یعقوب، محمد عرفان اور محمد رفیق کے خلاف ریفرنس دائر کردیا، احتساب عدالت نے ریفرنس منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔
ریفرنس ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پردائر کیا گیا ہے۔