امریکا میں فضائی کرتب بازوں کو لے جانے والا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ہوائی میں فضائی کرتب بازوں کو لے جانے والے ہوائی جہاز میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔
طیارہ ہوائی کے ایک جزیرے پر گرا اور زمین پر گرتے ہی ملبے کا ڈھیر بن گیا، اس میں سوار تمام مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ کے سوا تمام مسافر فضائی کرتب باز تھے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا اور طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ لاشوں کی شناخت کے لیے نمونے فرانزک لیب بھیج دیے گئے ہیں۔