بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ہی  ون ڈے کرکٹ میں 3 ہزار رنز مکمل کرلیے
بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ہی  ون ڈے کرکٹ میں 3 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی

عالمی کپ 2019 کے 33 ویں میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 238 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت عبور کر لیا۔

ایونٹ کے اہم میچ میں گرین شرٹس نے ناقابل شکست بلیک کیپس کی جیت کے سلسلے کو بریک لگا کر فائنل فور کی جانب ایک اور قدم بڑھادیا، نیوزی لینڈ کے 238 رنز کے جواب میں بابر اعظم اور حارث سہیل نے 126 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جب کہ حارث سہیل نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 68 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل گرین شرٹس نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19 رنز پر فخرزمان کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے جب کہ 44 کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے بنے، وہ 19 رنز بنا سکے۔

ابتدائی نقصان کے بعد تجربہ کار حفیظ اور بابر اعظم نے 66 رنز کی پاٹنرشپ قائم کرکے مجموعے کو 110 تک پہنچایا، اس دوران بابر اعظم نے کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کیے۔ محمد حفیظ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ہی  ون ڈے کرکٹ میں 3 ہزار رنز مکمل کرلیے، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیز ترین ایشین پلیئر بن گئے ہیں انہیں عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف اس اہم میچ کو جیت کر پاکستان نے سیمی فائنل تک رسائی کے اپنے امکانات روشن کرلیے ہیں۔

میچ میں فتح کے نتیجے میں پاکستان کو دو پوائنٹس ملے ہیں اور اب ان کی تعداد سات ہوگئی ہے۔پاکستان کا اب سامنا 29 جون کو افغانستان سے ہوگا اور پانچ جولائی کو بنگلہ دیش سے ہوگا۔

چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا جب کہ سرفراز احمد نے وننگ شارٹ کھیلا۔

 

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 6وکٹوں پر237 رنزبنائے،اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا تاہم 5 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے مارٹن گپٹل کو بولڈ کردیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے دوسرے اوپنر کولن منرو کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اورچوتھے نمبر پرآنے والے راس ٹیلر کو بھی صرف 3 رنز پر آؤٹ کردیا، شاہین کی گیند پر سرفراز نے راس ٹیلر کا زبردست کیچ لیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 41 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں جیمز نیشان اور کولن گرینڈ ہوم نے ذمے دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم 200 سے زائد اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔

دونوں آل راؤنڈرز نے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں بلکہ جیمز نیشان نے کیریئر کی بہترین اننگز بھی کھیلی، وہ 97 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ گرینڈ ہوم 64 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جب کہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔