امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے چند روز بعد ہی شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ہمیں تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان حالیہ ملاقات اور مذاکرات کے بحالی کے باوجود امریکا جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے اور امریکا کو پابندیاں لگانے کا جنون ہے جب کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔
خیال رہے امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خط بھیجا گیا ہے جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں اور شمالی کوریا کے ورکرز کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شمالی کورین وفد نے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے جان بوجھ کر شمالی کوریا کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش سے محتاط رہنا ہوگا۔
خیال رہے 30 جون کو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں انہوں نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ملاقات کی تھی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ٹیم بنانے پر اتفاق ہوا تھا تاہم ملاقات کے چند روز بعد ہی دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر سے کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے۔