10 سال کی تلاش کے بعدحافظ سعید کو گرفتار کیا گیا۔فائل فوٹو
10 سال کی تلاش کے بعدحافظ سعید کو گرفتار کیا گیا۔فائل فوٹو

ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو پاکستان سے گرفتار کرلیا گیا۔ٹرمپ کا دعویٰ

ایسے وقت میں جب عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ سنایا جا چکا ہے ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو پاکستان سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ کی پاکستان سے گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ’ 10 سال کی تلاش کے بعد ممبئی دہشتگرد حملوں کا نام نہاد ’ ماسٹر مائنڈ‘ پاکستان سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گزشتہ 2 برس سے پاکستان پر اس کی گرفتاری کیلیے شدید دباﺅ ڈالا جارہا تھا۔

خیال رہے کہ بدھ کو کاﺅنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا ہے۔ انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی ضمانت کے سلسلے میں گوجرانوالہ جارہے تھے۔

حافظ سعید کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جس میں ضمانت قبل اَز گرفتاری کے لیے وہ لاہور سے انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ کی عدالت جارہے تھے جہاں انہیں سی ٹی ڈی پنجاب نے گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کرلیا۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1151495794295525378

حافظ سعید کو گرفتاری کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ حافظ سعید نے منگل کو ایک مقدمے میں ضمانت قبل ازگرفتاری بھی کرائی تھی۔انہیں گرفتاری کے بعد انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں ان کا سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظورکرلیا گیا ہے۔