افغان صوبے قندھار کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور60 زخمی ہوگئے ہیں، حملے کی ذمے داری تحریک طالبان افغانستان نے قبول کرلی ۔
افغان میڈیا کے مطابق قندھار پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملے میں7عام شہری اور5 پولیس اہلکارہلاک ہوئے ۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے حملے میں 60 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 40 پولیس اہلکار شامل ہیں۔
افغانستان کے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کو شام 4 بج کر 40 منٹ پر اس وقت حملہ شروع ہوا جب ایک کار بم دھماکے کے بعد مسلح افراد پولیس ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہوگئے۔ طالبان جنگجوﺅں اورافغان سیکیورٹی فورسز میں 2 گھنٹے سے زائد مقابلہ جاری رہا اور7 بجے ہیڈ کوارٹر کو کلیئر کرایا گیا ۔
افغان صدر اشرف غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کی حکومت ملک میں امن کے راستے تلاش کر رہی ہے لیکن اس طرح کے حملوں کے ذریعے طالبان یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ ملک میں امن نہیں چاہتے۔