امریکا نے جوہری معاہدے سے علیحدہ ہوکر خطے میں تناؤ پیدا کیا، ترجمان چینی وزارت خارجہ
امریکا نے جوہری معاہدے سے علیحدہ ہوکر خطے میں تناؤ پیدا کیا، ترجمان چینی وزارت خارجہ

چین کا مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم

چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث بننے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونائینگ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بشمول امریکا مذاکرات کے ذریعے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت دیگر متنازع معاملات کا بات چیت کے ذریعے حل تلاش کر لیں گے جس سے جنوبی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی اور ان کے بقول ثالثی بننے کی درخواست بھارتی وزیراعظم مودی نے کی تھی۔