ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔فائل فوٹو
ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔فائل فوٹو

افغانستان میں مسافر بس بم دھماکے سے تباہ۔34 مسافر ہلاک

افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم اُس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے ایک مسافر بس گزر رہی تھی جس کے نتیجے میں 34 مسافر ہلاک اور17 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں ہرات ہائی وے پر نصب بم اُس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب ایک مسافر بردار بس وہاں سے گزر رہی تھی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 34 مسافر ہلاک اور17 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا،10 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بس فراہ سے ہرات کی جانب جا رہی تھی کہ شاہ ویز کے علاقے میں دھماکے کا شکار ہوگئی، بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔ بم دھماکے کا ہدف یہی مسافر بس تھی۔ تاحال بس کو ہدف بنانے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے اور کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے گزشتہ روز ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ رواں برس کے پہلے حصے میں 1300 سے زائد شہری نیٹو اور اتحادی افواج کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔