ملک بھر کے مختلف شہروں میں شہدا کی قربانیوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔فائل فوٹو
ملک بھر کے مختلف شہروں میں شہدا کی قربانیوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔فائل فوٹو

لازوال قربانیوں پر ‘یوم شہدا پولیس’ منایاگیا

مادر وطن کا دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں اورافسران کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم شہداء پولیس منایا گیا۔

یوم شہدا کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں شہدا کی قربانیوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پروگرام اور دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں۔

راولپنڈی میں یوم شہدا پولیس پر پولیس لائنز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر قانون پنجاب راجا بشارت اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے شرکت کی۔

اس دوران پولیس کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی اور یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔اس کے علاوہ  لاڑکانہ، کوئٹہ، چمن، پشاور اور دیگر شہروں پر بھی شہدائے پولیس کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے یوم شہدا کے موقع پر پولیس افسران اوراہلکاروں کی لازوال قربانیوں پرخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل حالات، محدود وسائل کے باوجود پولیس نے امن اورعوام کی حفاظت کیلیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پوری قوم، ملک کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی مقروض ہے اور پولیس سمیت ہمارے سیکیورٹی ادارے دشمن کے خلاف مصروف عمل ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وسائل کی کمی اور مسائل کے باوجود پولیس نے اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں، ان کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

یوم شہدا پولیس کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں پولیس کے شہداء اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ پاکستان پولیس نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک مضبوط پیشہ ور پولیس فورس ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پولیس نے دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ انسداد دہشتگردی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔