بھارت میں انڈین ایئرفورس کا جنگی طیارہ آسام کے میدانی علاقے کے کھیتوں میں گرکرتباہ ہوگیا تاہم دونوں پائلٹس نے طیارے سے چھلانگ لگا کراپنی جان بچالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئرفورس کا تربیتی مشن پرمامورجیٹ فائٹر طیارہ سخوئی 30 دورانِ پروازاچانک خرابی پیدا ہوجانے کے باعث ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا،طیارے میں موجود دونوں پائلٹس نے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
مقامی کسانوں نے کھیتوں میں گرے فائٹر طیارے کے پائلٹس کو قریبی موجود آرمی بیس اسپتال منتقل کیا جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے تاہم ایک پائلٹ کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے طیارے کے ملبے سے بلند ہوتے شعلوں پرایک گھنٹے کی مشقت کے بعد قابو پالیا، طیارہ گرنے سے مقامی آبادی میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کی تحقیقات کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ تربیتی مشن کے دوران گرنے کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے،سابق بھارتی فوجی افسران نے حکومت سے طیاروں کے مسلسل گرنے کی تحقیقات اورخستہ حال جنگی طیاروں کی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔