محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شہر میں گرد آلود ہواؤں اور آندھی چلنے کا امکان ظاہرکیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا بارشیں دینے والا دوسرا سسٹم کراچی سے چند گھنٹوں کی مسافت پر رہ گیا اور آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شہر میں گرآلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔ آندھی کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی حد تک کم ہوسکتی ہے جب کہ ہواؤں کی رفتار60 کلو میٹر فی گھنٹہ سے بھی تیز ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کا دوسرا سسٹم آج رات سندھ میں داخل ہوگا اور یہ سسٹم پچھلے مون سسٹم کے مقابلے میں بہت زیادہ طاقتور ہے، دباؤ کے بعد یہ ویل مارکڈ لو پریشر ایریا کی صورت میں سندھ میں داخل ہوگا اور 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارش اور بارش سے قبل شہر میں غیر معمولی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ کراچی میں ہفتے کی دوپہر سے تیز بارش اور ہفتے اور اتوار کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی توقع ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ عید کے پہلے روز تک برقرار رہ سکتا ہے جب کہ غیرمعمولی بارشوں کی وجہ سے شہر میں نچلے درجے کے سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔