بھارت کی مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے عوامی تحریک اور مواصلاتی نظام پر عائد پابندی آئندہ چند روز میں ختم کردی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے سے تھوڑا پہلے ہی عدالت نیوز پیپر کے ایڈیٹر کی جانب سے ٹیلی فون اورانٹرنیٹ سروسز پر پابندی کو بحال کرنے کے لیے درخواست پرسماعت کر رہی تھی۔
سرکاری وکیل تشار مہتا کا کہنا تھا کہ پابندیاں آئندہ چند روز میں ختم کردی جائیں گی۔کشمیر ٹائمز کے ایڈیٹر انورادھا بھاسن کی طرف سے ایڈووکیٹ ایم ایل شرما کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کے بعد عدالت نے کوئی فیصلہ نہیں سنایا۔
انورادھا بھاسن کے اٹارنی وریندر گروور کا کہنا تھا کہ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے، ججز نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کو مزید وقت دیا جائے۔