کراچی شہرمیں بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوارہوا وہیں کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بارش کی وجہ سے جہاں موسم خوشگواراورگرمی کا زور ٹوٹ گیا وہیں متعدد علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔
رات9 بجے کے بعد ملیر،ایئر پورٹ،کلفٹن،پی ای سی ایچ سوسائٹی،بہادر آباد،طارق روڈ،گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، نیو کراچی اور دیگرعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
گڈاپ کاٹھوراورسپر ہائی وے پرتیزبارش کے بعد سڑکوں پر پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی،جب کہ بارش کے قطرے پڑتے ہی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں سب سے زیادہ 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، صدر میں 28 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ میں 19.8 ملی میٹر، سرجانی ٹاون میں 11.8 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 8.2 ملی میٹر، لانڈھی میں 7.5 ملی میٹر، آئیر پورٹ میں 5 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس میں 3 اور کیماڑی 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ ٹھٹہ اور دھابیجی میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔