مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سوپور میں ایک نوجوان کو شہید کر دیاجبکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کا محاصرہ بدھ کو 38ویں روز بھی جاری رہا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آصف مقبول نامی نوجوان ایک کار میں سفرکر رہا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے اس کی گاڑی پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شہید ہو گیا۔
قبل ازیں بھارتی فوجیوں نے سوپور قصبے کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران کم از کم آٹھ نوجوانوں اعجاز میر، عمر میر، توصیف نجار، امتیاز نجار، عمر اکبر، فیضان لطیف، دانش حبیب اور شوکت احمد میر کو گرفتار کر لیا۔۔
پوری وادی کشمیر اور جموں خطے کی وادی چناب میں مسلسل 38ویں روز بھی کرفیو اور پابندیاں برقراراور ذرائع ابلاغ کی معطلی کا سلسلہ جاری رہا،دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پرٹریفک کی آمد ورفت معطل ہے۔
نریندر مودی کی سربراہی میں قائم فرقہ پرست بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی بھارتی فورسزکے سخت محاصرے میں ہے۔
موبائل فون، لینڈ لائن اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں جس کی وجہ سے صحافیوں، طلبا،تاجروں اورمریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے،لوگوں کو بچوں کی غذا، زندگی بچانے والی ادویات اوردیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی سخت قلت کا سامنا ہے اور مقبوضہ وادی شدیدانسانی بحران سے دوچارہے۔