چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ایک منزل کاتعین ہوچکاہے،اب چاہے کوئی دھمکی ہو،لالچ ہویا دھونس، کسی چیز کی کوئی پرواہ نہیں۔
پشاورنیب کے دورے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ایک منزل کا تعین ہوچکا ہے، اب صرف منزل تک پہنچنا ہے اور وہ منزل یہ ہے کہ پاکستان کرپشن فری ہو، اب چاہے کوئی دھمکی ہو لالچ ہو یا دھونس کسی چیز کی کوئی پرواہ نہیں۔
جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کیا ہمارے عوام کویہ حق نہیں کہ ہمیں اچھی تعلیم ملے، ہمیں علاج کی اچھی سہولتیں میسرہوں؟ کیا پاکستان کے عوام کا دل نہیں کرتا کہ ان کے ہاتھ میں کشکول نہ ہو۔ ہمارے عوام بھی ایک خوددارملک کی طرح زندہ رہ سکیں؟
چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ بد عنوانی ایک ناسور ہے جس کا علاج سرجری ہے۔ نیب کا ہر کیس کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیب کی جانب سے بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائیاں کی جارہی ہیں ، کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔