ٹرمپ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کردی

یہ واضح نہیں کہ نئی پابندیوں میں کن ایرانی کمپنیوں اور شخصیات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

               
September 18, 2019 · بام دنیا
امریکیوں کے مفادمیں معاشی پالیسیاں بنائیں۔فائل فوٹو

امریکیوں کے مفادمیں معاشی پالیسیاں بنائیں۔فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی تیل تنصیبات پرحملوں کی پاداش میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کردی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی ابھی محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔

ٹوئٹ میں امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ایران پر نئی پابندیاں کیوں عائد کی جارہی ہیں تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ پابندیاں سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے تناظر میں ہی عائد کی جارہی ہیں۔

یہ بھی واضح نہیں کہ نئی پابندیوں میں کن ایرانی کمپنیوں اور شخصیات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکا گزشتہ برس جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد پہلے ہی ایران پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا الزام اب تک امریکی صدر نے براہ راست ایران پر نہیں لگایا ہے تاہم امریکی انتظامیہ کے متعدد اہلکار ایران کو اس میں ملوث کررہے ہیں جبکہ ایران اس الزام کی سختی سے تردید کررہا ہے۔