افغانستان کے صوبے زابل کے شہرقلات میں ایک اسپتال اورانٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر کے قریب کار بم حملے میں کم ازکم 20 افراد ہلاک،100 کے قریب زخمی ہو گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق زابل کے مرکزی شہرقلات میں حساس ادارے این ڈی ایس کی عمارت کے قریب بم دھماکا ہوا۔ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار دھماکے سے اڑادی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور85 زخمی ہوگئے۔
لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ دھماکا ایک اسپتال کے قریب ہوا۔ حملہ آور حساس ادارے کے دفترکو نشانہ بنانا چاہتا تھا لیکن وہاں پہنچنے میں ناکام رہا جس کے بعد اس نے ایک اسپتال کے قریب دھماکا کردیا۔ ہلاک اور زخمیوں میں خواتین، بچے، طبی عملہ،مریض اوران کے تیماردار شامل ہیں۔
طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انٹیلی جنس ایجنسی کو نشانہ بنایا ہے۔