بھارتی فضائیہ کے نائب سربراہ ایئرمارشل راکیش کمار سنگھ بھدوریا کو فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل بی ایس دھنووا کی جگہ لیں گے جو اسی ماہ کے آخر میں سبکدوش ہورہے ہیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان بھارت بھوشن بابو نے بتایا کہ حکومت نے ایئرمارشل بھدوریا کو فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔وہ 30ستمبر کو عہدہ کا چارج سنبھالیں گے۔
وہ گذشتہ ماہ ہی ایئرمارشل انل کھوسلہ کی جگہ پر فضائیہ کے نائب سربراہ بنائے گئے تھے۔ ایئرمارشل بھدوریا کو 15جون 1980 میں فضائیہ کی فائٹرونگ میں کمیشن ملا تھا۔ میرٹ میں سر فہرست رہنے کے لئے انہیں ساورڈ آف اینر دیا گیا تھا۔
انہیں چار ہزار گھنٹے سے بھی زیادہ کے پرواز کا تجربہ ہے اور وہ اب تک 26طرح کے جنگی طیارے اڑا چکے ہیں۔ تقریباً 40سال کے کیریئر میں مختلف اہم اور انتظامی عہدوں پرفائز رہے ہیں۔
ایئرمارشل بھدوریا فرانس سے خریدے جانے والے رافیل جنگی طیار ہ کے سودے کے لیے بات چیت کرنے والی ٹیم کے سربراہ بھی تھے۔