وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سے کی زیرصدارت کراچی کی صفائی مہم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے بتایا کہ وہ شہر سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے اس شہرکی تعمیرنو کی اوراس کی صفائی بھی ہم ہی کریں گے۔
وزیراعلی سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ ہر ضلع کا ریکارڈ الگ الگ رکھا جائے، کس نے کتنا کچرا اٹھایا ہے اورہرضلع کو صاف کرکے وہاں ڈی ایم سی کے حوالے کیا جائے تاہم ہر ڈی ایم سیز اس صفائی کو برقرار رکھیں۔اس کے علاوہ ہر ضلع کی صفائی کی مانیٹرنگ دو وزرا کےحوالے کی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہر ڈی سی کو 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں جو مشینری، ڈمپرز اور مزدوروں کی ادائیگی کے لیے دیے گئے ہیں اس کے علاوہ ہرڈمپرپرڈسٹرکٹ کا نام اورنمبرہونا چاہیے۔
مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ صفائی کی فوٹو اور ویڈیو بنائیں تاکہ ایک مکمل ریکارڈ ہو جس کے کام کی میں خود مانیٹرنگ بھی کروں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وہ کل تمام 6 اضلاع میں جائیں گے اورکچرا اٹھانے کا کام دیکھیں گے،دن 11 بجے سے شام 6 بجے تک شہر کا دورہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو سڑک پرکچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صفائی مہم کے لیے میں پولیس، رینجرز کو درخواست کروں گا کہ سیکیورٹی کے انتظامات کریں۔