بھارت میں غیر قانونی طور پر قائم پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں 3 منزلہ گھر میں غیر قانونی طور پر قائم بارود سے بھرے پٹاخے بنانے کی فیکٹری میں زور دار دھماکا ہوا نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 نوعمر لڑکیاں بھی شامل ہیں جب کہ 8 افراد زخمی ہیں۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو گھر کے ملبے سے نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 7 سال سے 21 سال کی 4 لڑکیاں شامل ہیں جب کہ بری طرح مسخ ہوجانے کے باعث ایک لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا اس کمرے میں ہوا جہاں پٹاخوں کا ذخیرہ کیا گیا تھا، دھماکے سے پوری عمارت زمین بوس ہوگئی اور اہل خانہ ملبے تلے دب گئے۔ فیکٹری غیر قانونی طور پر رہائشی علاقے میں بنائی گئی تھی جس میں مالکان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر بھی تھے۔