2 دن کی شدید گرمی کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں اچانک تیز بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق یونیورسٹی روڈ، اسکیم 33، ملیر نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور نیوکراچی،صدر،آئی آئی چندریگر روڈ، صدر،برنس روڈ،ڈیفنس،جناح اسپتال اور دیگرعلاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔شہر کے بیشترعلاقوں میں آسمان پر کالی گھٹاؤں کا ڈیرہ ہے۔
معمولی بارش کے بعد حسب روایت شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور 170 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے۔
کورنگی، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاون، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ڈرگ روڈ، اسکیم 33، گلشن معمار، لیاری، کھارادر، اولڈ سٹی ایریا،مہران ٹائون سیکٹرf-6سمیت مختلف علاقوں میں بھی بجلی فراہمی معطل ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ آنے والے دو دنوں میں درجہ حرارت ایک سے دو ڈگری تک مزید کم ہوگا، 25 ستمبر کو شہر میں ایک بار پھر ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم متوقع ہلکی بارش سے شہر کے درجہ حرارت میں کوئی واضح کمی نہیں آئے گی۔
سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 26 سے 29 ستمبر کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اس دوران شہر میں ایک بار پھر سمندری ہوائیں بند ہونے کا خدشہ ہے، 26 سے 29 ستمبر تک بھارتی گجرات سے ایک اور لو پریشر ایریا بنے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں ، طوفان کراچی کے ساحل سے 5 سو کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ہے۔
طوفان مغرب کی جانب بڑھے گا اوراومان کے ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان کے آگے بڑھنے تک کراچی میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی، طوفان کے سبب ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی ہوگی۔