بھینس کالونی کے علاقے بلاک بی میں گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے والے دو ڈاکوؤں کو گھر کے مالک نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
کراچی میں بھینس کالونی بلاک بی میں ایک گھر میں صبح سویرے 4 ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے۔ گھر کے مالک نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو ڈاکو موقع پر مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی خوفزدہ ہو کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں جہاں ان کی شناخت 35 سالہ خمیسو عرف افغانی اور40 سالہ شہزور کے نام سے کی گئی،تعلق شکار پور سے بتایا جاتا ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ چار ڈاکو ایڈووکیٹ اسلم آرائیں کے گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تھے۔ گھر والوں کے شور مچانے پردو ڈاکو فرارجبکہ دو ڈاکوؤں کو شہری نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور گھر والوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد تفتیش کا دائرہ بڑھائیں گے۔